استنبول(ڈیلی پاکستان آن لائن)ترکیہ کی معروف فیشن انفلوئنسر عائشہ گل ایراسلان کی اچانک اور پراسرار موت نے سوشل میڈیا اور مداحوں میں شدید صدمے کی لہر دوڑا دی

استنبول(ڈیلی پاکستان آن لائن)ترکیہ کی معروف فیشن انفلوئنسر عائشہ گل ایراسلان کی اچانک اور پراسرار موت نے سوشل میڈیا اور مداحوں میں شدید صدمے کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
روزنامہ جنگ کے مطابق 27 سالہ عائشہ گل کو استنبول کے علاقے کاغیتھانے (Kağıthane) میں واقع ان کی رہائش گاہ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔
اہلِ خانہ کے مطابق جب وہ ان سے رابطہ نہ کر سکے تو تشویش بڑھ گئی اور انہوں نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ابتدائی معائنے کے بعد ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
بعد ازاں پولیس اور پراسیکیوٹر نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور لاش کو مزید فرانزک جانچ کے لیے منتقل کر دیا، تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
عائشہ گل ایراسلان سوشل میڈیا پر ایک نمایاں فیشن انفلوئنسر کے طور پر جانی جاتی تھیں اور ان کے لاکھوں فالوورز تھے، وہ ترک فیشن شو میں بھی نظر آ چکی تھیں، جس سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا تھا۔
ان کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، جہاں انہیں ایک باصلاحیت اور متاثر کن شخصیت قرار دیتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
