اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری بھی ہورہی ہے، محکمہ موسمیات نے

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ، پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری بھی ہورہی ہے، محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ اگلے 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔جڑواں شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی اور گردونواح میں بارش جاری ہے ،بارش کے باعث شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے۔ٹریفک سست ہونے سے مختلف شاہرائوں پر ثریفک کا دبائو ہے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لئے سڑکوں پر موجود ہیں۔
شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ اضافی وقت کے ساتھ سفر کریں۔کسی بھی اپ ڈیٹ کے لئے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔لاہورکے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے ، مختلف علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ، بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔میانوالی اور گردونواح میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش شروع ہے،بارش سے موسم سرد ہو گیا سردی کی شدت بڑھ گئی ، کاشت کار کہتے ہیں موجودہ بارش گندم کی فصل کیلئے مفید ثابت ہو گی۔رائیونڈ اور گردونواح میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ،بارش کے بعد موسم میں خنکی بڑھ گئی۔ لیسکو کے متعدد فیڈرز بھی ٹرپ کرگئے۔سندر روڈ سلطانکے ،مانگامنڈی سمیت متعدد علاقے بجلی سے محروم ہیں۔
لاسپور میں کئی ہفتوں سے موبائل سگنل بھی غائب ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے،ضلع خیبر وادی تیراہ میں برف باری ہوئی ،برف باری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔وادی تیراہ میں برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہوگیا۔پیسکو ریجن میں بارش کی وجہ سے پشاور، مردان، بنوں، خیبر،ڈی آئی خان سرکل میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ، ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر پیسکو کے 35فیڈرز بارش کی وجہ سے ٹرپ ہوئے ہیں۔پشاور میں 14، خیبر میں 11،بنوں میں 5،ڈی آئی خان میں3،مردان میں 2فیڈرز ٹرپ ہوئے،متاثرہ فیڈرز پر بحالی کا کام جاری ہے، جلد بجلی بحال کر دی جائیگی۔
