ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاء نے خطے کی موجودہ صورتحال،

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی دارالحکومت ریاض میں عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا جس میں شرکاء نے خطے کی موجودہ صورتحال، بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خطے کو درپیش سنگین حالات کے فوری حل کے لیے سفارتی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کی جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ ایمن الصفدی، آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیحون بیراموف، شام کے وزیر خارجہ اسعد شیبانی اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ سعودی نائب وزیر خارجہ سمیت وزارتِ خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے کے تمام برادر ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سیاسی آزادی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ان ممالک کی سرزمین پر ہونے والے تمام حملوں کی فوری بندش کا مطالبہ کیا اور پاکستان کی جانب سے جاری تنازعات کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ اسحاق ڈار نے مذاکرات اور سفارت کاری کی بحالی کو خطے میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
