لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں صحت، ریسکیو سروسز اور شہری

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں صحت، ریسکیو سروسز اور شہری تحفظ کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جھنگ میں جدید کیتھ لیب کا افتتاح کیا ہے جبکہ پنجاب کے 16 اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کیتھ لیبز بہت جلد فعال ہو جائیں گی۔ ہر ہفتے ایک نئی کیتھ لیب کا افتتاح کیا جائے گا اور اگلے مہینے تک تمام 16 کیتھ لیبز مکمل ہو جائیں گی۔ کیتھ لیبز جدید ترین آلات سے لیس ہیں اور ان میں داخل ہو کر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کسی بین الاقوامی معیار کے ہسپتال میں داخل ہوئے ہوں۔ ماضی میں دل کے مریضوں کو اینجیوگرافی کے لیے دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، وقت اور وسائل ضائع ہوتے تھے اور کئی کئی دن باری نہیں ملتی تھی، لیکن اب ہر ضلع میں جدید کیتھ لیب قائم کی جا رہی ہے تاکہ دل کے مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج ان کے اپنے ضلع میں ہی میسر آ سکے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے دوروں کا مقصد محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ وہ عوام سے براہِ راست ملاقات کرتی ہیں، ان کے مسائل سنتی ہیں اور فوری حل کو یقینی بناتی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب خود ڈیپ کلیننگ کے عمل کی نگرانی کر رہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صحافیوں کو پلاٹس بغیر قیمت دیئے جائیں گے، صرف ڈویلپمنٹ چارجز ادا کرنا ہوں گے جبکہ اگلے ماہ وزیراعلیٰ خود الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کریں گی۔
