اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کو میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کا ڈرافٹ فراہم کر دیا،اس

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت پاکستان کو میمورنڈم آف اکنامک اینڈ فنانشل پالیسیز کا ڈرافٹ فراہم کر دیا،اس ڈرافٹ پر اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد سٹاف لیول معاہدہ طے پا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا تکنیکی وفد آئندہ ماہ کے آخری ایام میں پاکستان آئے گا تاکہ 2026-27 کے بجٹ پر مذاکرات مکمل کیے جا سکیں۔
ڈرافٹ میں وزارت خزانہ، وزارت توانائی، وزارت پٹرولیم اور ایف بی آر کے لیے اہداف مقرر کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ اوگرا، نیپرا، ایس ای سی پی، صوبائی انتظامیہ اور زرعی آمدن پر انکم ٹیکس کے نئے اہداف بھی شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ MEFP پر متفق ہونے کے بعد ڈرافٹ آئی ایم ایف کو واپس ارسال کیا جائے گا، تاہم گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کو ایڈجسٹ کرنے کا حکومتی پلان MEFP کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
ٹیکنیکل مشن آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں مکمل معاونت فراہم کرے گا اور 2026-27 کے بجٹ میں تمام تر آئی ایم ایف کے تخمینوں اور سٹڈی کی بنیاد پر تیاری کی جائے گی، آئی ایم ایف تکنیکی وفد مئی کے دوران تک پاکستان میں قیام کرے گا تاکہ بجٹ کی تیاری میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
