
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کوریا کو 4 ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان مدعو کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل’’ جیو نیوز‘‘ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے کہا کہ سیریز کے لیے بات چیت ابتدائی مرحلے میں ہے، پی ایچ ایف خواہش رکھتی ہے کہ جولائی کے آخری ہفتے میں سیریز پاکستان میں کھیلی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ابھی بات چیت جاری ہے جس کے بعد سیریز کے لیے شہروں کا حتمی فیصلہ ہوگا کہ میچ ایک ہی شہر میں کھیلے جائیں گے یا پھر مختلف شہروں میں ہوں گے۔
محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ کوریا کا دورہ طے ہوگیا تو بین الاقوامی ہاکی کی پاکستان کی سرزمین پر ہونے سے ایک نئے سفر کی شروعات ہو سکے گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم 15سے 30 اگست تک ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں روانگی سے قبل کوریا کے ساتھ 4 ٹیسٹ کی سیریز پاکستان میں کھیلنے کی خواہش مند ہے۔
عالمی درجہ بندی میں پاکستان 12ویں اور کوریا 20ویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ بیلجیئم اور نیدر لینڈز میں کھیلے جانیوالے ہاکی ورلڈ کپ میں کوریا کی ٹیم کوالیفائی نہیں کر سکی ہے۔
