
رحیم یار خان( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی، بین المذاہب ہم آہنگی اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی برادریوں کو خوشیوں کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کی عملی تصویر پیش کرتے ہوئے رحیم یار خان میں ہندو برادری کے مذہبی تہوار دیوالی کی مرکزی تقریب سرکاری سطح پر بھرپور جوش و جذبے اور روایتی مذہبی و ثقافتی رنگوں کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور دیوالی کے دیپ روشن کرکے تقریبات کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
صوبائی وزیر نے دیوالی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ضلع رحیم یار خان، بہاولپور اور بہاولنگر سے آنے والے تمام مہمانوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب تمام اقلیتی برادریوں کو ساتھ لے کر چلنے اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں برابر کا شریک بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
