
ماسکو(ڈیلی پاکستان آن لائن)روسی پارلیمنٹ ڈوما نے بل منظور کیا ہے جس کے تحت بیرون ملک میں مقیم ایسے روسی شہریوں کی تمام جائداد ضبط کی جا سکے گی جنہوں نے روسی مفادات کو نقصان پہنچایا ہو اور ملکی فوج کو بدنام کرنے میں ملوث ہونے کا جرم کیا ہو۔ ایسے افراد کے بینک اکاؤنٹ بھی ضبط کر لیے جائیں گے۔ روسی ڈوما میں منظور بل کا اطلاق ایسے بیرون ملک مقیم روسی شہریوں پر ہوگا جو مسلح فوج کو بدنام کرنے اور روس پر پابندیوں کا مطالبہ کرنے، نازی علامتوں کا پروپیگنڈا کرنے، انتہا پسندی پر مبنی مواد جاری، تیار اور تقسیم کرنے اور ان تمام جرائم کا جرمانہ دینے میں ناکام ہوں گے۔ اگر ملزم ایسے علاقے میں مقیم ہو جہاں اسے نوٹس نہ پہنچایا جا سکے تو عدالت خود ہی ڈیفنس اٹارنی مقرر کر سکے گی۔ نئے قانون کا اطلاق یکم دسمبر سے کیا جائے گا۔
