
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف پاکستانی کامیڈین و اداکار عابد چارلی کو دوبارہ طبیعت بگڑنے کی وجہ سے لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے بتایا ہے کہ اداکار کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم انہیں بہترین ممکنہ طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے تحت عابد چارلی کا علاج مفت کیا جا رہا ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق طبی عملے کو اداکار کی خصوصی دیکھ بھال اور بہترین علاج یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ ہسپتال انتظامیہ ان کی صحت کی صورتِ حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
