
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن میں گوجرانوالہ ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر پر حلقے کا دورہ کیا اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا، وزیر اطلاعات نے الیکشن ایکٹ اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی،الیکشن کمیشن دو سال تک کی سزا سنا سکتا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن وزیراعظم اور حکومت کو احکامات جاری کر سکتا ہے، حکومت الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتی، وفاقی حکومت اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، واضح کر دوں کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ وزیر اطلاعات نے دورے میں صرف میڈیا کوریج ہی کرنی ہے اور کیا کرنا ہے، آئندہ سماعت پر تمام فریقین ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔الیکشن کمیشن نے سی پی او گوجرانوالہ کو بھی طلب کر لیا، الیکشن کمیشن نے سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کر دی۔
