
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) فلم ساز اور اداکار شمعون عباسی نے کراچی کی مبینہ منشیات فروش انمول عرف پنکی کی زندگی پر مبنی مجوزہ ڈراما سیریل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کہانی ٹی وی سکرین کے لیے موزوں نہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق شمعون عباسی نے پیر کے روز فیس بک پر جاری اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ آخر ایسی کہانی کو ڈرامائی تشیکل دینے کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے، جبکہ خواتین کی جدوجہد، کامیابی اور حوصلہ افزائی پر مبنی کئی مثبت کہانیاں موجود ہیں جنہیں ٹی وی پر پیش کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اطلاعات کے مطابق سیونتھ سکائی پروڈکشنز کراچی کی مبینہ ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کی زندگی پر مبنی بایوگرافیکل ڈرامہ تیار کر رہی ہے، جس کا سکرپٹ مبینہ طور پر کیس نمبر 9 کے مصنف شاہ زیب خانزادہ تحریر کریں گے۔
پاکستان میں حقیقی جرائم پر مبنی تفریحی مواد ماضی میں بھی تنازع کا باعث بنتا رہا ہے، چند برس قبل فلم ’جاوید اقبال، دی اَن ٹولڈ سٹوری آف اے سیریل کلر‘ کو سنیما گھروں میں نمائش کی اجازت نہیں دی گئی تھی، تاہم یہ فلم بعد میں یوٹیوب پر ریلیز کی گئی۔
