لندن ( وقار ملک ) اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا اور

لندن ( وقار ملک ) اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (OPF) کے ہیڈ آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں او پی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی سمیت دونوں اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی غور کیا گیا، خاص طور پر اس بات پر زور دیا گیا کہ نادرا کی سروسز کو مزید بہتر بنایا جائے اور شناختی دستاویزات کے اجرا کے عمل کو تیز اور مؤثر بنایا جائے۔ اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، نئے سسٹمز کے نفاذ اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو عالمی سطح پر لے جانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا ایم ڈی افضال بھٹی نے اوورسیز سے متعلق شکایات پر بات چیت کی جبکہ یئرمین او پی ایف بورڈ سید قمر رضا نے اپنے حالیہ دورہ جاپان اور جنوبی کوریا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں نادرا فسیلیٹیشن ڈیسک کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت کی عدم موجودگی کی وجہ سے وہاں مقیم پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول میں تاخیر ہوتی ہے۔نادرا کے چیئرمین نے یقین دہانی کروائی کہ اس تجویز کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لایا جائے گا اور جلد مثبت پیش رفت کی جائے گی، جس سے جاپان میں مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
