
جدہ ( محمد اکرم اسد) اوورسیز پاکستانی والنٹیئرز گروپ (OPVG) جدہ کے زیرِ اہتمام پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد، فیملیز اور بچوں نے شرکت کی۔ تقریب میں ملی نغموں، بچوں کی شاندار پرفارمنس، تقاریر، ٹیبلوز اور مختلف ثقافتی پروگرامز نے سماں باندھ دیا، جبکہ شرکاء نے فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے والے بچوں کو خوب داد دی۔
تقریب کی صدارت OPVG جدہ کے صدر گل شہزاد جدون نے کی، جبکہ ہوسٹنگ کے فرائض علی احمد نے انجام دیے۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی چیئرمین پاکستان انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود اور پاکستان انٹرنیشنل اسکول کی اکیڈمک پرنسپل صدیقہ مقصود ملک تھیں۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین گل شہزاد جدون، علی احمد،خ نعیم اختر، کاشف رزاق، راشد محمود، سلیمان بٹ اور دیگر نے کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور تقریب میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں خصوصی شیلڈز تقسیم کیں۔ بعد ازاں شرکاء نے مل کر یومِ آزادی کا کیک کاٹا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
