
باکو/لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ورلڈ اربن فورم میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کے ترقیاتی ماڈل کو عالمی سطح پر متعارف کروایا ہے۔ فورم کے شرکاء مریم نواز کی2 سالہ کارکردگی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر انتہائی مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے نظر آئے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے فورم کے شرکاء کو مختصر عرصے میں مکمل کیے جانے والے تاریخی منصوبوں سے آگاہ کیا، جن میں’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘،’’ستھرا پنجاب‘‘،’’ماڈل ویلجز‘‘اور’’صاف پانی‘‘جیسے عوام دوست منصوبے خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ ان منصوبوں کو عالمی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی اور شرکاء نے پنجاب حکومت کے وژن کو سراہا۔ پنجاب کے وہ ترقیاتی منصوبے جو عالمی توجہ حاصل کر رہے ہیں، ان کی کامیاب تکمیل پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ مریم نواز کے وژن اور متحرک قیادت کی بدولت پنجاب دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی منفرد شناخت بنانے میں کامیاب ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ مریم نواز نے پنجاب میں عالمی معیار کے ترقیاتی ماڈل کو متعارف کروایا ہے اور یہی اعلیٰ معیار آج ورلڈ اربن فورم میں پنجاب کی اصل پہچان بن چکا ہے۔ کم ترین عرصے میں سب سے زیادہ ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا اعزاز بھی مریم نواز شریف کو حاصل ہوا ہے، جو ان کی انتھک محنت، عوامی خدمت اور مؤثر گورننس کا واضح ثبوت ہے۔
