
لاہور (جاوید اقبال سے) پنجاب کی انتظامی بیوروکریسی میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (پی اے ایس) اور پنجاب مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے افسران کی تعیناتیوں کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آ گیا ہے۔ پی ایم ایس افسران کی نمائندہ ایسوسی ایشن نے خواتین افسران کی تعیناتیوں میں مبینہ عدم توازن پر سوالات اٹھاتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ایم ایس ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والی نسبتاً جونیئر خواتین افسران کو اہم انتظامی عہدوں، خصوصاً ڈپٹی کمشنر کے منصب پر تعینات کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب مینجمنٹ سروس سے تعلق رکھنے والی سینئر خواتین افسران کو اہم فیلڈ عہدوں پر تعیناتی کے مساوی مواقع میسر نہیں آ رہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایم ایس افسران کے تحفظات دور کرنے اور اہم انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کے معیار کو مزید شفاف بنانے کے لیے کیا اقدامات کرتے ہیں۔
