
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر غالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی سات شرائط پوری ہونے تک مذاکرات میں پیش رفت ممکن نہیں۔
ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر غالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی شرائط ثالثوں کو بارہا اور واضح طور پر بتائی جا چکی ہیں، ان سات شرائط پر اتفاق کے بغیر مذاکرات میں پیش رفت ممکن نہیں۔
رائٹرز کے مطابق محمد باقر غالیباف نے جمعرات 29 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران پر دباؤ ڈالنے اور مراعات دینے کی حکمتِ عملی مؤثر ثابت نہیں ہوگی۔ ان کے بقول، ایران کی شرائط پوری ہونے کے بعد ہی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
آبنائے ہرمز اس تنازع کا ایک اہم پہلو ہے، کیونکہ یہ عالمی سطح پر تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے۔ اس کی بندش یا بحری آمدورفت میں رکاوٹ عالمی توانائی منڈیوں اور تیل کی قیمتوں پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مؤقف اور شرائط سے پیچھے نہیں ہٹے گا، جبکہ ثالثی کی کوششوں کا مقصد دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات کم کرکے جنگ کے خاتمے اور خطے میں استحکام کے لیے قابلِ قبول سمجھوتا تلاش کرنا ہے۔
