
بھکر(ڈیلی پاکستان آن لائن) گریٹر تھل کینال میں نہاتے ہوئے 3 بچے ڈوب گئے، جن میں سے 2 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ تیسرے بچے کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ جھنگ روڈ پر منکیرہ کے قریب سڑکی سٹاپ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 3 بچے نہاتے ہوئے نہر میں ڈوب گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 بھکر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو گاڑی، ایمبولینس اور امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دو بچوں کی لاشیں نکال لی گئی، جبکہ تیسرے بچے کی تلاش کے لیے پولیس اور ریسکیو ٹیمیں مشترکہ طور پر گریٹر تھل کینال میں آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
