
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے پاکستان کو دنیا کے ان چند منفرد مقامات میں شامل کیا ہے جہاں برف پوش پہاڑ، پُرسکون وادیاں، قدیم تہذیب اور مہم جوئی آج بھی سیاحوں کو ایک منفرد دنیا دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق دی ٹیلی گراف میں شائع ہونے والا یہ ٹریول فیچر معروف ٹریول رائٹرز بینیڈکٹ ایلن اور سارہ مارشل نے تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے قارئیں کوپاکستان کے ان دلفریب مقامات کی سیاحت کی ترغیب دی ہے۔
ایک معروف برطانوی اخبار کی جانب سے پاکستان کو اس اہم سیاحتی فہرست میں شامل کیا جانا اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ پاکستان دنیا کے لیے ایک منفرد اور دلکش سیاحتی مقام ہے۔
دی ٹیلی گراف کی اس فہرست میں پاکستان کے علاوہ ترکمانستان، گیبون، انگولا، تیمور لیستے، نکاراگوا، گیانا، آرمینیا اور جمہوریہ کانگو سمیت ویسٹ پاپوا اور پاپوا (انڈونیشیا) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
یاد رہے دی ٹیلی گراف نے 2024میں بھی اپنی سیاحتی فیچر رپورٹ میں پاکستان کو شامل کیا تھا۔
