
گلگت بلتستان(ڈیلی پاکستان آن لائن)دیامر کے 2 انتخابی حلقوں کے 9 پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا، پولنگ 12 جولائی کو ہو گی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق جی بی اے 15 دیامر 1 کے خواتین کے ایک پولنگ سٹیشن میں دوبارہ پولنگ ہو گی، جبکہ جی بی اے 17 دیامر 3 کے 8 پولنگ سٹیشنوں پر بھی دوبارہ پولنگ ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کی متعلقہ افسران کو تمام انتظامات بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔دوبارہ پولنگ 12 جولائی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
جی بی اے 15 دیامر 1 سے فارم 47 کے مطابق آزاد امیدوار محمد دلپذیر پہلے جبکہ جے یو آئی کے مفتی ولی الرحمٰن دوسرے نمبر پر تھے۔
جی بی اے 17 دیامر 3 سے فارم 47 کے مطابق پیپلز پارٹی کے محمد نسیم پہلے اور جے یو آئی کے رحمت خالق دوسری پوزیشن پر تھے۔
