
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ بیانات کے ردعمل میں کہا ہے کہ نئی ڈیڈ لائن مقرر کرنے سے پہلے امریکی حکام اپنی پیش گوئیوں کی ’میعاد‘ دیکھ لیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ ’امریکی حکام نے ایک بار پھر نئی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے مگر اس مرتبہ ایرانی معیشت کے لیے۔ ایران اپنے عوام پر بھروسہ کرتے ہوئے تعمیر، استقامت اور اپنے حقوق کے دفاع کا عمل جاری رکھے گا۔ نئی ڈیڈ لائن کا اعلان کرنے سے پہلے اپنی پیش گوئیوں کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ دیکھ لیں۔‘
ایرانی حکومت کی ترجمان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ دعوے کے ردعمل میں سامنے آیا ہے، جنھوں نے ایک بار پھر ایران کو ’تباہ‘ کرنے اور ایران کے ساتھ جنگ کے جلد خاتمے کی بات کی ہے۔
ٹرمپ نے پیر کو یہ بھی کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ان کے نمائندوں اور مذاکرات کے ثالثوں کے درمیان بات چیت شروع ہو گئی ہے۔
