
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر میں ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے والی رکاوٹوں، غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او نے سرکل افسران کو ٹریفک کنجشنز کے خاتمے کے لیے فوری انکروچمنٹ آپریشن شروع کرنے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور پیرا کے عملے کو ساتھ ملا کر گرینڈ آپریشنز کیے جائیں، جبکہ آگاہی اور وارننگ کے باوجود تجاوزات قائم کرنے والے کسی معافی کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈالنے والوں سے اب سختی سے نمٹا جائے گا۔
