
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر رپورٹ جاری کردی۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کہا گیا ہے کہ پاکستان کی معاشی کارکردگی میں بہتری کے باوجود رواں مالی سال شرح نمو حکومتی ہدف سے کم اور مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔ پاکستان میں شرح نمو 3.7 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ حکومت نے 4 فیصد کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ اوسط مہنگائی 8.3 فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق توانائی، لاجسٹکس اور زرعی لاگت میں اضافہ مہنگائی پر دباؤ ڈالے گا جبکہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی سے تیل کی درآمدی لاگت بڑھنے اور خلیجی ممالک میں معاشی سرگرمی متاثر ہونے سے پاکستانی ترسیلات زر میں کمی کا خطرہ ہے۔
