
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی سفارتخانہ چین نے ارض پاک کا 79واں جشن آزادی قومی جوش و جذبے اور پروقار انداز میں منایا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق اس موقع پر سفارتخانے کی عمارت میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی برادری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب کے آغاز پر ناظم الامور اعزاز خان نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے یومِ آزادی سے متعلق خصوصی پیغامات بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔
صدر اور وزیراعظم کے پیغامات میں تحریکِ آزادی کے دوران دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بالخصوص قائداعظم محمد علی جناح کی دوراندیش قیادت اور ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے قیامِ پاکستان کے تاریخی سفر کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام، چین میں مقیم پاکستانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ چینی میڈیا، دانشور حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی یومِ آزادی کی اس تقریب میں شریک ہوئے۔
