
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اہم پیش رفت، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق خصوصی عدالتوں کے لیے ای فائلنگ اینڈ پروسیجر رولز 2026 جاری کردیئے گئے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قواعد پنجاب اسٹیبلشمنٹ آف سپیشل کورٹس (اوورسیز پاکستانی پراپرٹی) ایکٹ 2025 کے تحت مرتب کیے گئے ہیں۔نئے قواعد کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق خصوصی عدالتوں میں مقدمات کی الیکٹرانک فائلنگ، سماعت، عدالتی ریکارڈ اور دیگر کارروائیوں کو ڈیجیٹل نظام کے تحت لایا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے قواعد کو لاہور ہائیکورٹ رولز اینڈ آرڈرز کے متعلقہ حصے میں شامل کیا جائے گا، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری 14 صفحات پر مشتمل دستاویز میں ای فائلنگ، سماعت، عدالتی ریکارڈ، فیصلوں، نوٹسز اور عبوری انتظامات سمیت مکمل طریقہ کار بیان کیا گیا ہے۔
