
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) کراچی کی ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے 27 ملازمین کی تعلیمی ڈگریاں جعلی ثابت ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد ملازمین سے تمام تنخواہیں واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیو‘‘ کے مطابق سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نثار کھوڑو کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ڈاؤ یونیورسٹی کی سال 2024 اور 2025 کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی اراکین قاسم سومرو، مخدوم فخرالزمان سمیت وی سی ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی نازلی حسین اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے 5ہزار 350 ٹوٹل ملازمین میں سے 1945 ملازمین کے ڈگریوں کی تصدیق کرائی گئی ہے جن میں سے 27 ملازمین کی تعلیمی ڈگریاں جعلی ثابت ہوئی ہیں۔
یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس کے مطابق جعلی ڈگری ثابت ہونے والے 27 ملازمین کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے ۔
