
منڈی بہاؤ الدین ( خصوصی رپورٹ )حنا جاوید قتل کیس میں نئی معلومات سامنے آگئیں۔
’’جیو نیوز ‘‘ کے مطابق حنا جاوید قتل کیس میں پولیس کی تفتیش اور مرکزی ملزم قرار دیئے گئے گھریلو ملازم ذیشان ارشد کے آبائی علاقے میانہ گونل منڈی بہاؤالدین سے ملنے والی معلومات میں فرق سامنے آیا ہے۔
پولیس کی تحقیقاتی ٹیم ذیشان ارشد کو مجرمانہ رجحانات کا حامل شخص قرار دے چکی ہے، اور اسکے غیر قانونی، غیر فطری کاموں میں ملوث ہونے کے بیانات جاری کرچکی ہے تاہم’’ جیو نیوز ‘‘کی جانب سے تھانہ میانہ گوندل کا ریکارڈ چیک کرنے پر ملزم کے خلاف کوئی سابقہ مقدمہ یا شکایت سامنے نہیں آئی۔
اصل معاملہ یہ جانچنا ہے کہ پولیس نے ذیشان ارشد کے کردار اور مبینہ مجرمانہ رجحانات سے متعلق دعوے کس مواد کی بنیاد پر کیے اور کیا اس مواد کی آزادانہ تصدیق ممکن ہے، مقتولہ حنا جاوید کی اصل فارنزک رپورٹس بھی ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں، پولیس نے تقریباً 3 ماہ گزرنے کے باجود چالان بھی جمع نہیں کرایا۔
