
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور میں پیر کے روز فضائی آلودگی کی سطح چند گھنٹوں کے دوران نمایاں کم ہونے کے باوجود شہر کی فضا بدستور صحت کے لیے خطرناک ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق محکمہ تحفظ ماحول پنجاب نے بتایا کہ 9 نومبر کو صبح 9 بجے لاہور کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 489 تھا، جو سہ پہر 3 بجے کم ہو کر 232 رہ گیا۔
تاہم پاکستان ایئر کوالٹی انیشی ایٹو (پی اے کیو آئی) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 2 سے 8 نومبر کے دوران لاہور میں باریک آلودہ ذرات (پی ایم 2.5) کی اوسط مقدار 214 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی، جو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی مقررہ گائیڈ لائن سے 14.3 گنا زیادہ ہے۔
یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے حکام کے مطابق اسموگ کے موسم میں جانوروں کے علاج کے لیے آنے والے کیسز میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جنگلی حیات کو آلودگی کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے قدرتی مسکن کا تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی ضروری ہے۔ ڈاکٹر محمد اظہرکہتے ہیں سموگ اورسردی کے موسم میں شہری اپنے گھروں کی چھتوں اور کھلے مقامات پر پرندوں کے لئے پینے کے صاف پانی اور دانہ کا انتظام کریں۔ مویشیوں اورپرندوں کو رات کے وقت کھلے ایریا میں نہ رکھیں۔ موسم کی مطابق جانوروں اورپرندوں کی ویکسی نیشن کروائیں اور مناسب خوراک مہیا کریں۔
