
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پشاورکی احتساب عدالت نے اپرکوہستان میگا کرپشن اسکینڈل کے ملزم کیشیئر مشرف شاہ کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق احتساب عدالت کے جج نے درخواست پرتحریری فیصلہ جاری کردیا۔ مشرف شاہ کی 51 کروڑ 31 لاکھ 38 ہزار424 روپےکی پلی بارگین کی درخواست منظور کرلی گئی۔
عدالت نے ملزم کی تمام جائیداد اور رقوم حکومت خیبر پختونخوا کے حق میں ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔
فیصلےکے مطابق احتساب عدالت نے ملزم کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ نیب آرڈیننس کے تحت ملزم کو سزا یافتہ تصور کرتے ہوئے نااہل قراردیا گیا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم مشرف شاہ، اس کی اہلیہ، بھائی اور دوست کے بیانات بغیردباؤ رضاکارانہ طور پر دیےگئے ہیں، پلی بارگین کی درخواست کی توثیق کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ جنگ اور جیو نے 30 اپریل 2025 کو کوہستان میں سرکاری بینک اکاؤنٹس سے اربوں روپے کی خردبرد کی خبر بریک کی تھی،کوہستان اسکینڈل ملکی تاریخ کا بڑا مالیاتی اسکینڈل تھا۔
