
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ایک بیان پر ردعمل دیتے ہوئے قدیم روم کی تاریخ کا حوالہ دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’طاقت کے بل پر قانون کو نظرانداز کرنے والوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔‘
بی بی سی اردو کے مطابق عباس عراقچی نے اتوار کو اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’تلواریں رکھنے والوں کو قانون کا حوالہ نہ دیں‘ کا جملہ قدیم روم کے ایک جرنیل پومپے سے منسوب ہے۔ پومپے کو اپنی آخری فوجی مہم میں فوج کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔‘
عراقچی نے اس تاریخی واقعے کا حوالہ دینے کے بعد لکھا کہ اس سے بہتر کہاوت یہ ہے کہ ’جو لوگ ماضی سے سبق نہیں سیکھتے، وہ وہی غلطیاں دوبارہ دہراتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ عباس عراقچی کا یہ بیان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے متعلق خطاب کے بعد سامنے آیا ہے۔
روبیو نے گذشتہ جمعے کو واشنگٹن میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’عدالت بین الاقوامی قانون کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے اور اسے امریکہ پر اپنے قوانین لاگو کرنے کا اختیار نہیں ہے۔‘
انھوں نے عدالت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تلواریں رکھنے والوں کو قانون کا حوالہ دینا بند کریں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ اگر عدالت نے امریکی شہریوں پر اپنے فیصلے مسلط کرنے کی کوشش کی تو امریکہ اس کا جواب دے گا۔
روبیو کے اس بیان کے جواب میں عباس عراقچی نے اسی تاریخی جملے اور اس سے منسوب جرنیل کے انجام کا حوالہ دیا۔
پومپے کون تھے؟
پومپے قدیم روم کے ایک مشہور فوجی جرنیل تھے۔ وہ جولیس سیزر کے سیاسی اور فوجی حریف تھے۔ دونوں کے درمیان خانہ جنگی کے دوران 48 قبل مسیح میں پومپے کو شکست ہوئی، جس کے بعد وہ مصر فرار ہو گئے۔
مصر پہنچنے پر انھیں قتل کر دیا گیا اور ان کا سر جولیس سیزر کے سامنے پیش کیا گیا۔
عباس عراقچی نے اپنے پیغام میں پومپے کی شکست اور موت کا حوالہ دے کر یہ یاد دلانے کی کوشش کی کہ ماضی میں بھی طاقت اور فوجی برتری رکھنے والے حکمرانوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
