
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے حق دار صارفین کو سبسڈی ملتی رہے گی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بڑے سولر لگا کر 200 یونٹ سے نیچے آنبوالے افراد مستحق صارفین اور پورا بل دینے والوں پر بوجھ ہیں، بجلی صارفین کے میٹر کیو آر کوڈ سے منسلک کئے جائیں گے، کیو آر کوڈ کی معلومات کی بنیاد پر سبسڈی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع کا سوشل میڈیا بیان خود احتسابی کا عمل ہے، پاور سیکٹر کے بارے میں سوشل میڈیا پر مسائل سامنے آئے، سینئر سیاستدان اور معاشی ماہر ہونے کے دعویداروں نے حقائق کے برعکس ایشوز اٹھائے۔ آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی سے 3500 ارب روپے کی بچت ہوئی، ڈسکوز کے نقصانات میں کمی سے 193 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر کوئی سیاسی بیان دے جاتا ہے، تالی بجوانے کے لیے بیانات دیے جاتے ہیں، گزشتہ تین ہفتوں میں پاورسیکٹر کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایشوز آئے، سینئر سیاستدان اور معاشی ماہر ہونے کے دعویداروں نے حقائق کے برعکس ایشوز اٹھائے، وزیردفاع خواجہ آصف کا ٹوئٹ خوداحتسابی کا عمل ہے، ہم سوالوں کو عوام میں لے کر آتے ہیں اور ان کو حل کرتے ہیں، وزیردفاع نے لیسکوکا جوذکرکیا تو متعلقہ افراد کےخلاف ایکشن لے لیا گیا ہے۔
