
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ میں زخمی افراد کو فوری طبی امداد کی فراہمی سے متعلق قانون کے حوالے سے آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ انجرڈ پرسنز کمپلسری میڈیکل ٹریٹمنٹ ایکٹ سے متعلق آگاہی مہم سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور راہِ عمل ٹرسٹ کے اشتراک سے شروع کی گئی ہے، جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نجی ہسپتال میں علاج مہنگا ہونے کی صورت میں حکومت اخراجات برداشت کرے گی، جبکہ گن شاٹ یا جلنے کے زخمی مریض کو نجی ہسپتال پہنچنے پر فوری طبی امداد دی جائے۔
عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ نجی ہسپتال میں علاج کی استطاعت نہ رکھنے والے مریض کو طبی امداد دینے کے بعد سرکاری ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکو لیگل ایکٹ اور قانون سے پولیس کو بھی آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔
