
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف اداکارہ اور گلوکارہ سلمیٰ آغا نے پاکستان کے بجائے بھارت میں رہائش اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کبھی پاکستانی شہریت حاصل نہیں کی تھی۔
سلمیٰ آغا نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے پاکستان کے بجائے بھارت کا انتخاب کیوں کیا؟
جواب میں سلمیٰ آغا نے کہا کہ یہ اچھا سوال ہے کیونکہ میں کبھی پاکستانی شہری نہیں رہی، میرا خاندان برطانیہ منتقل ہو گیا تھا اور سب کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہیں، جبکہ میری والدہ اور نانی دونوں کا تعلق امرتسر، بھارت سے تھا۔
سلمیٰ آغا نے 1980ء اور 1990ء کی دہائی کے اوائل میں پاکستانی فلمی صنعت میں بطور اداکارہ اور گلوکارہ نمایاں مقام حاصل کیا، ان کی بطور مرکزی اداکارہ پہلی فلم نکاح تھی۔
سلمیٰ آغا کی بیٹی زارا خان بھی بھارتی فلمی صنعت سے وابستہ ہیں، سلمیٰ آغا اس وقت بھارت اور دبئی میں مقیم رہتی ہیں۔
