
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ معاہدہ ہونے تک ایران کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا، ایران کے جواب کا چند روز انتظار کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو معاہدہ کرنا ہوگا ورنہ وہ جانتے ہیں کیا ہونا ہے، ایران کے ساتھ معاملات میں جلد بازی نہیں کریں گے، تہران ڈیل کر لیتا ہے تو یہ سب کیلئے اچھا ہوگا، ہم کوئی بھی کارروائی کرنے کیلئے تیار ہیں، ایران میں ذہین لوگوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہمیں درست جواب حاصل کرنا ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران ڈیل کرنے کیلئے بے تاب ہے، اس کے ساتھ ٹرمپ نے دھمکی بھی دی کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل نہیں ہوئی تو امریکہ دوبارہ حملہ کر سکتا ہے، ایران میں لوگوں کی حالت انتہائی خراب ہے، ایران کے اندر بدترین معاشی صورتحال کے باعث شدید عوامی غم اور غصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے پر میرے اور نیتن یاہو کے درمیان اتفاق ہے، نیتن یاہو کو جو کہیں گے وہ کرے گا، ہمیں آبنائے ہرمز کھولنا پڑے گا لیکن اس میں کوئی جلدی نہیں، چینی صدر سے بہت اچھی ملاقات ہوئی، اور اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا، شی جن پنگ اچھے آدمی ہیں۔
