
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کے مشہور اداکار، گلوکار اور رائٹر محسن عباس حیدر نے شوبز انڈسٹری میں منشیات کے استعمال سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فنکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے جو نشے کی حالت میں شوٹنگ پر آتے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق محسن عباس حیدر نے حال ہی میں نجی چینل کے ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز انڈسٹری کے ایک بہت بڑے اور کڑوے سچ سے پردہ اٹھایا۔
انہوں نے دوران انٹرویو نشہ کر کے کام پرآنے والے اداکاروں اور ہدایت کاروں کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح اس بری عادت کی وجہ سے کام کا نقصان ہوتا ہے اور معاشرے پر برا اثر پڑتا ہے۔
محسن عباس حیدر نے شو کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک سچا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ میں نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی تھی کہ جو اداکار، اداکارائیں اور ڈائریکٹرز نشے کی حالت میں شوٹنگ سیٹ پر آتے ہیں ان پر مکمل پابندی ہونی چاہیے۔
یاد رہے کہ محسن عباس حیدر نے جنوری 2025 میں بھی سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے نشے کی حالت میں کام کرنے والے فنکاروں پر تنقید کی تھی۔ تاہم محسن عباس حیدر نے پروگرام میں کسی اداکار یا اداکارہ کا نام نہیں لیا، اس لیے ان کے الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
