سعودی عرب میں پاکستانیوں کو سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی نظریات کی تشہیر سے گریز کی ہدایت

بڑا ڈیٹا Sep 23, 2026 IDOPRESS

جدہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب میں پاکستان کے سفارت خانے نے وہاں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انھیں سیاسی سرگرمیوں، مظاہروں اور سیاسی نظریات کی تشہیر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بی بی سی اردو کے مطابق سفارت خانے نے سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال، غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کے پھیلاؤ سے اجتناب پر بھی زور دیا ہے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پاکستانی سفارت خانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے قوانین کے مطابق وہاں کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی میں ملوث ہونا ممنوع ہے، لہٰذا پاکستانی شہری سیاسی اجتماعات، مظاہروں، سیاسی جماعتوں کی سرگرمیوں اور سیاسی نظریات کی تشہیر سے مکمل اجتناب کریں۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے بھی سعودی قوانین کی پاسداری کی جائے اور ’مقامی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید یا اشتعال انگیزی پھیلانے سے گریز‘ کیا جائے۔


سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں کے پھیلاؤ سے اجتناب کریں اور سیاسی یا فرقہ وارانہ مباحث، تکرار اور اشتعال انگیز مواد شیئر نہ کریں۔


بیان کے مطابق خطے کی سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کو سنسنی خیز انداز میں پیش کرنے سے بھی گریز کیا جائے۔


پاکستانی سفارت خانے نے خبردار کیا ہے کہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، جرمانے، قید، ملک بدری اور سعودی عرب میں دوبارہ داخلے پر پابندی جیسے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں