
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں آن لائن مالی فراڈ کی روک تھام اور ایسے جرائم کی تحقیقات کو مؤثر بنانے کے لیے نیشنل سائبر فراڈ کوآرڈینیشن سیل قائم کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے، جس میں این سی سی آئی اے، سٹیٹ بینک، نادرا، پی ٹی اے اور دیگر متعلقہ ادارے شامل ہوں گے۔
دنیا نیوز کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ سیل کے قیام سے آن لائن مالی فراڈ کے مقدمات کی تحقیقات اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری میں آسانی ہوگی، جبکہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کو بھی مؤثر بنایا جا سکے گا۔
نادرا مشتبہ افراد کی شناخت اور فراڈ سے متعلق شناختی کارڈز کی نشاندہی میں مدد فراہم کرے گا، جبکہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) غیر قانونی سرمایہ کاری کے پلیٹ فارمز کی شناخت کے لیے معاونت کرے گی۔
حکام کے مطابق مختلف اداروں کو ایک مربوط نظام کے تحت اکٹھا کرنے کا مقصد آن لائن مالی فراڈ کے واقعات پر فوری ردعمل، شواہد کے تبادلے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کو آسان بنانا ہے۔
