
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکا نے ایران سے متعلق ایک نئے سکیورٹی خطرے کے پیشِ نظر برطانیہ میں واقع اپنے دوسرے فضائی اڈے سے بھی فوجی طیارے منتقل کردیئے ہیں۔
امریکی فوج نے ایندھن فراہم کرنے والے متعدد طیاروں کو جرمنی اور دیگر مقامات پر منتقل کیا، جبکہ برطانیہ میں دو اہم امریکی فضائی اڈوں پر سکیورٹی الرٹ مزید سخت کردیا گیا ہے۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل اور خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ کارروائی انگلینڈ کے فضائی اڈے رائل ایئر فورس ملڈن ہال پر کی گئی۔ امریکی حکام کو ایران سے منسلک ایک ممکنہ خطرے کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس کے بعد طیاروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کے دو فضائی ایندھن بردار طیاروں کو جرمنی کی جانب منتقل کیا گیا، جبکہ بعد ازاں مزید طیارے بھی مختلف مقامات پر منتقل کیے گئے۔
ان طیاروں کا بنیادی کام دورانِ پرواز دوسرے فوجی طیاروں کو ایندھن فراہم کرنا ہے، جس سے طویل فاصلے تک فضائی کارروائیاں ممکن ہوتی ہیں۔
