
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کابینہ نے کاشت کاروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 ہزار روپے فی ایکڑ امداد کا اعلان کر دیا،57 ہزار کاشت کاروں کو براہ راست ادائیگی ہوگی۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں گندم آبادگاروں، لینڈ ریکارڈ، صحت، کھیل، اعلیٰ تعلیم اور دیگر شعبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے گندم آبادگاروں کے لیے اضافی سبسڈی پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے ہاریوں کی اضافی سبسڈی ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے فی من کردی۔
وزیر آبپاشی جام خان شورو نے بتایا کہ 57 ہزار کاشت کاروں نے محکمہ خوراک کو 80 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی، انہیں 2 ہزار روپے فی من دیے جا رہے ہیں، جبکہ ماہانہ 4 ہزار روپے براہ راست اکاؤنٹس میں منتقل کیے جائیں گے۔
