لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )مسیحی برادری کے تہوار گڈ فرائیڈے اور ایسٹر پر محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ تفصیلات کے

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )مسیحی برادری کے تہوار گڈ فرائیڈے اور ایسٹر پر محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری مقدس ہفتہ منا رہی ہے۔ مسیحی برادری جمعہ 3 اپریل کو گڈ فرائیڈے اور اتوار 5 اپریل کو ایسٹر منا رہے ہیں۔ اسی طرح ہفتہ 4 اپریل کو متبرک ہفتہ اور سوموار 6 اپریل کو ایسٹر منڈے منایا جائے گا۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں عبادت کے علاوہ تفریحی مقامات کا بھی رخ کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے اس ضمن میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جاری کردہ سیکیورٹی گائیڈ لائنز میں ہدایت کی گئی ہے کہ مسیحی عبادت گاہوں، رہائشی علاقوں، عوامی مقامات، شہری مراکز، تفریحی پارکس، شاپنگ سینٹرز اور سنیما ہالز کی سیکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مسیحی عبادت گاہوں اور رہائشی علاقوں میں ہائی ریزولوشن CCTV کیمرے نصب کیے جائیں، حساس مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر فراہم کیے جائیں۔ گرجا گھروں کے تمام داخلی راستوں پر سخت اور بلاامتیاز چیکنگ یقینی بنائی جائے۔ پارکنگ کا انتظام عبادت گاہوں سے مناسب فاصلے پر کیا جائے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیساتھ مسیحی برادری کے رضاکار ہائی الرٹ رہیں۔ تمام اضلاع میں سیکیورٹی پلان کیساتھ ٹریفک مینجمنٹ پر بھی توجہ دی جائے اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے تمام ضروری مشقیں مکمل کریں۔
