
لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کا مالی سال کا بجٹ آج پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس کے لیے تمام تر اعدادوشمار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن بجٹ دستاویز ایوان میں پیش کریں گے، اس بجٹ میں صوبے کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا جامع روڈ میپ شامل کیا گیا ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق، وفاقی حکومت کی طرز پر پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کا قوی امکان ہے۔بجٹ میں صوبے کے ترقیاتی پروگراموں اور اہم شعبوں کے لیے بھاری فنڈز مختص کیے جا رہے ہیں، جن میں تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر (سڑکیں اور مواصلات) اور سماجی شعبے کی جاری و نئی اسکیموں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
عوام کے لیے سب سے بڑی ریلیف کی بات یہ ہے کہ اس بجٹ میں کوئی بھی نیا ٹیکس لگانے کی تجویز شامل نہیں کی گئی ہے، تاکہ مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی پر مزید بوجھ نہ پڑے۔حکومت کا فوکس ٹیکس نیٹ بڑھانے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے پر ہوگا۔
