
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اگلے ٹیسٹ کیلئے پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا اشارہ دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پاکستان ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا پاکستان کی بیٹنگ نے مایوس کیا، اکثر دوسری اننگز میں ہماری بیٹنگ لائن فیل ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں ہمیں لیڈ لینی چاہیے تھی، امام الحق اچھی بیٹنگ کررہے تھے، وہ تھوڑا اور صبر کرتے تو لیڈ مل سکتی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیے گئے 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 120 رنز پر ڈھیر ہوگئی، 8 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
