
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) رواں سال کا آخری مکمل سورج گرہن لگ گیا، یورپ میں 1999 کے بعد سے پہلی بار مکمل سورج گرہن کا نظارہ کیا جا رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق یورپ کےکئی ملکوں میں سورج گرہن کے باعث دن میں رات کا منظر ہوگیا۔ برطانیہ اور فرانس میں جزوی سورج گرہن سے غروب آفتاب کے وقت سے پہلے ہی اندھیرا چھا گیا۔
سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوا ۔ یورپ میں گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور روس میں مکمل سورج گرہن دیکھا جارہا ہے ۔
رائل آبزرویٹری لندن سے جزوی سورج گرہن دیکھنے کیلئے سیکڑوں لوگ جمع ہوگئے۔ لوگ کھانے پینے کا سامان لے کر پکنک منانے کے موڈ میں گرینچ پارک پہنچ گئے۔
انگلینڈ کے علاقے کارنوال میں سورج کو 95 فیصد گرہن لگے گا۔ اس کے علاوہ افریقا، کینیڈا اور امریکا کےکچھ حصوں میں بھی جزوی سورج گرہن ہوگا۔
