
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودیہ کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کی مذمت کی اور سعودی عرب پر حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا، سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رہے گی۔
