
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہر ضلع میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز (پی ایچ اے) قائم کرنے کی منظوری دے دی، جبکہ اداروں کے لیے 2820 تکنیکی آسامیوں پر بھرتیوں کی بھی منظوری دے دی گئی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹیز کے قیام، شجرکاری، پارکوں کی بحالی اور شہروں کو سرسبز و خوبصورت بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 10 اضلاع میں پی ایچ اے پہلے ہی فعال ہیں، جبکہ مزید 11 اضلاع میں نئی اتھارٹیز قائم کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے پی ایچ اے فوڈ کورٹ کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی، جبکہ اداروں کے عملے اور گاڑیوں کے لیے یکساں برانڈنگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، بریفنگ کے مطابق پی ایچ اے کے گھروں میں کام کرنے والے عملے کو دفاتر واپس بلانے کے احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول بلکہ انسانی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، لہذا درخت لگانا کارِ ثواب ہونے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچاؤ کا ذریعہ بھی ہے۔
