
بینکاک (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے قرض لینے والے ممالک کے پلیٹ فارم (Borrowers’ Platform) کی گورننگ کونسل کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں عالمی بینک گروپ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سالانہ اجلاسوں 2026 کے دوران پاکستان کی جانب سے یہ ذمہ داری قبول کی۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم رکن ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، تاہم یہ اجتماعی سودے بازی کا فورم یا بحرانوں سے نمٹنے کا نظام نہیں ہوگا۔ انہوں نے 2026-27 کے عملی منصوبے کے لیے پاکستان کی ترجیحات بیان کرتے ہوئے قرضوں کے انتظام کو بہتر بنانے، معاشی اصلاحات کے تجربات کا تبادلہ کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے جدید ذرائع تلاش کرنے پر زور دیا۔ وزیر خزانہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پلیٹ فارم کے مقاصد کو عملی اقدامات اور قابل پیمائش نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قرض ترقی کا ذریعہ ہونا چاہیے، نہ کہ اس کی راہ میں رکاوٹ۔ محمد اورنگزیب نے پلیٹ فارم کو فعال بنانے میں مصر کی قیادت کو سراہا اور رکن ممالک اور سیکریٹریٹ کی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پلیٹ فارم کے ادارہ جاتی ڈھانچے، نظامِ حکمرانی اور مشترکہ عملی پروگرام کی تشکیل میں پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس میں شمولیت کے خواہش مند نئے ممالک کی دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔ اجلاس کے بعد وزیر خزانہ نے پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا۔
