
پیرس (رپورٹ: زاہد مصطفیٰ اعوان) نیزہ بازی ایسوسی ایشن فرانس کے زیرِ اہتمام فرانس میں شاندار نیزہ بازی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں یورپ بھر سے تقریباً 150 گھڑ سواروں نے اپنے خوبصورت اور تربیت یافتہ گھوڑوں کے ہمراہ شرکت کی۔ میلے کے چیف آرگنائزر چوہدری اشرف عارف مرالہ اور چوہدری عمران لیاقت شیر تھے، جن کی محنت اور بہترین انتظامات نے اس ایونٹ کو یادگار بنا دیا۔
یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور تاریخی میلہ تھا، جس میں یورپ بھر سے اوورسیز پاکستانی گھڑ سواروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بیرونِ ملک پاکستانیوں کی اتنی بڑی تعداد میں نیزہ بازی کے مقابلوں میں شرکت نے اس ایونٹ کو خصوصی اہمیت دی اور پاکستانی ثقافت، روایات اور گھڑ سواری کے فن کو اجاگر کیا۔
میلے میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی، جو دن بھر گھڑ سواروں کی مہارت، گھوڑوں کی خوبصورتی اور نیزہ بازی کے سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوتی رہی۔ گھڑ سواروں نے اپنے فن اور مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی، جبکہ میدان میں موجود شائقین کا جوش و خروش قابلِ دید تھا۔
نیزہ بازی کے مقابلوں کے اختتام پر سیکشن اور سنگل نیزہ بازی کی کیٹیگریز میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے سواروں میں نقد انعامات اور خوبصورت ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی میجر جنرل دلاور خان اور چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کامیاب سواروں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور ان کی صلاحیتوں کو سراہا۔
تقریب کا مقصد نیزہ بازی کی روایتی ثقافت کو فروغ دینا، نوجوان نسل کو اس تاریخی کھیل کی جانب راغب کرنا اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں کو اپنی ثقافتی روایات سے جوڑے رکھنا تھا۔ اس شاندار ایونٹ نے نہ صرف پاکستانی ثقافت کو اجاگر کیا بلکہ یورپ بھر سے آنے والے پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا موقع بھی فراہم کیا۔
دریں اثنا، پاکستانی کمیونٹی نے کامیاب اور یادگار نیزہ بازی میلہ منعقد کرنے پر چیف آرگنائزر چوہدری اشرف عارف مرالہ اور چوہدری عمران لیاقت شیر کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے ثقافتی اور روایتی پروگراموں کا انعقاد جاری رہے گا۔
