
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستانی کمپنی نیِم کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے وینچر کیپیٹل ادارے اے ڈی بی وینچرز سے ابتدائی مرحلے کی سرمایہ کاری حاصل ہوگئی۔
اے ڈی بی کےمطابق سرمایہ کاری کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کووسعت دینا ہے،سرمایہ کاری کی رقم کمپنی کی مصنوعات کی تیاری اورکاروباری سرگرمیوں میں اضافے پر خرچ کی جائے گی،نیِم کاروباری اداروں کو ڈیجیٹل طریقے سے رقوم وصول کرنے، ادائیگیاں کرنے اور حساب کتاب رکھنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
اے ڈی بی کےمطابق پاکستان میں خوردہ کاروباری لین دین کی مجموعی مالیت کا 71 فیصد اب بھی نقدرقم میں ہوتا ہے،ڈیجیٹل ادائیگیوں کےفروغ سےچھوٹے کاروباروں اورخواتین کے زیرِانتظام کاروباری اداروں کو بھی مالیاتی نظام میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔
کمپنی مختلف شعبوں کے 70 سے زائد بڑے کاروباری اداروں کو خدمات فراہم کر رہی ہے،ملازمین کو تنخواہ مقررہ وقت سے پہلے حاصل کرنے کی سہولت بھی دیتی ہے، ڈیجیٹل ادائیگیوں سے کاروباری لین دین مزید تیز، شفاف اور آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
