
لاہور(افضل افتخار)پنجاب میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں کی رفتار اور تکمیل کا معاملہ محکمہ سپورٹس پنجاب کے اہم ایجنڈے پر آگیا، صوبے میں جاری 125 سپورٹس ڈویلپمنٹ سکیموں کے ساتھ کئی سالوں سے نامکمل اور التوا کا شکار منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئیں۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ افسران سے ان منصوبوں کی مکمل رپورٹ مانگتے ہوئے آئندہ کا عملی لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
پنجاب سٹیڈیم میں منعقدہ اجلاس میں صوبے کے شمالی، جنوبی اور وسطی ڈویژنز میں جاری ترقیاتی سکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری شبیر حسین چیمہ، ڈائریکٹر پی ایم یو سپورٹس، ڈپٹی ڈائریکٹر مرزا ندیم سرور سمیت دیگر افسران موجود تھے۔اجلاس میں پنجاب سٹیڈیم کی قسمت بدلنے کے منصوبے پر بھی پیش رفت سامنے آگئی۔ سٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھانے کے لیے نئے سٹیپس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ سٹیڈیم کے اطراف شاپس کی تعمیر اور خوبصورتی میں اضافے کے منصوبے پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ڈاکٹر آصف طفیل کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس اور گراؤنڈز تعمیر کیے جا رہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔
محکمہ سپورٹس کے مطابق لاہور ڈویژن میں 26، فیصل آباد میں 9، ساہیوال میں 7، راولپنڈی میں 6، سرگودھا میں 5،گوجرانوالہ میں 16، ملتان میں 12، بہاولپور میں 16 اور ڈیرہ غازی خان میں 4 سپورٹس سکیموں پر کام جاری ہے۔سیکرٹری سپورٹس نے پی ایم یو سپورٹس کے افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ نان فنڈڈ، نامکمل اور کئی برسوں سے التوا کا شکار منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے تاکہ ان سکیموں کی تکمیل کے لیے ضروری اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی طے کی جا سکے۔
