
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی نے امن، مساوات، ہمدردی اور تمام انسانوں کے احترام کا درس دیا، دیانتداری سے محنت، ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہنے اور انسانیت کی خدمت کا ان کا پیغام لوگوں کے لیے مسلسل باعث تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے فرزند ہونے کے ناطے انہیں اس بات پر بالخصوص فخر ہے کہ بابا گرو نانک دیو جی کی تعلیمات سندھ کی روحانی اور ثقافتی زندگی میں دائمی مقام رکھتی ہیں، اور نانک پنتھی روایت کے ذریعے سندھیوں کی نسلوں نے ان کی تعلیمات کی پیروی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں، بالخصوص اقلیتوں کے مذہبی حقوق و آزادی کی ضمانت دیتا ہے، اور حکومت اقلیتوں کے تحفظ اور مذہبی آزادی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیے، سماجی امن کے فروغ، بین المذاہب افہام و تفہیم اور مستحکم مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنے اجتماعی عزم کی تجدید کریں۔
