
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی ایم ایف نے پاکستان پر 11 نئی شرائط عائد کردیں، مالی سال 2027ء کے بجٹ میں گیس اور بجلی کے نرخ شامل ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان سے متعلق جائزہ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق گیس ٹیرف میں جولائی 2026 اور فروری 2027 میں تبدیلی ہوگی، بجلی کے نرخ جنوری 2027 میں ایڈجسٹ کئے جائیں گے، نیب کو مزید خودمختار اور شفاف بنانے کی شرط بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط 55 ہوگئیں، نئی شرائط کا مقصد بجٹ نظم و ضبط، ٹیکس نظام اور معیشت کی بہتری ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے بیشتر مالی اہداف پورے کر لئے، کچھ ٹیکس اہداف اور اصلاحات مکمل نہیں ہوسکیں، رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت کے حالات کی سمت واضح نہیں، خدشہ ظاہر کیا ایران جنگ مہنگائی پر دباؤ ڈالے گی، جنگ معاشی نمو اور ادائیگیوں کو متاثر کرے گی۔
آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بحالی میں پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پہلی ششماہی میں جی ڈی پی کی نمو میں تیزی آئی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ متوازن اور مہنگائی قابو میں رہی، زرمبادلہ کے ذخائر سابق اندازوں سے بہتر رہے۔
